ویب ڈیسک: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ، مشتاق احمد خان کی رہائی اور بازیابی کیلئے کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔
امیر جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ذمے داری لگا دی گئی ہے۔ اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملہ اور گرفتاریاں قابل مذمت ہے۔ یہ معاملہ جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کے حوالے سے اس کی اہمیت ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ پروگرام پر قوم کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے شہباز شریف سے کہا کہ پاکستان کو صرف آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے مطالبہ پر قائم رہنا چاہیے۔ کسی ایسے پلان کی حمایت نہیں کرنی چاہیے جو بالآخر اسرائیل ہی کو طاقت فراہم کرے۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی تشویشناک صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ احتیاط کا برتاؤ کیا جائے۔ حکومت ذمے داری کےساتھ اس معاملے کا بات چیت کے ذریعے حل نکالے۔ اور ایسا کوئی بیانیہ جو صرف چند لوگ کے زیر اثر ہے اسے تمام کشمیریوں کا مؤقف نہ سمجھا جائے۔