بنگلادیش کی تاریخی فتح،پہلی بار پاکستان کو کلین سوئپ کردیا

بنگلادیش کی تاریخی فتح،پہلی بار پاکستان کو کلین سوئپ کردیا
کیپشن: بنگلادیش کی تاریخی فتح, پہلی بار پاکستان کو کلین سوئپ کردیا

ویب ڈیسک: راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلادیش نے پہلی بار پاکستان کو وائٹ واش کردیا، بنگلہ دیش نے دوٹیسٹ میچز کی سیریز دو صفر سے جیت لی ۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز بنگلادیش نے 42 رنز بنا لیے بغیر کسی نقصان کھیل کا آغاز کیا تاہم 16 رنز کے اضافے پر بنگال ٹائیگرز نے ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے، مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے 32 کی شراکت داری قائم کرکے میچ جتوادیا۔

پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، ابرار احمد، سلمان علی آغا اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

قبل ازیں پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 172 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ مہمان ٹیم کو جیت کیلئے 185 رنز کا ہدف دیا تھا۔

شان مسعود کی کپتانی میں تمام پانچ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،شان مسعود کی کپتانی میں تمام پانچ ٹیسٹ میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،شان مسعود کی زیرقیادت آسٹریلیا اور بنگلہ دیش سے وائٹ واش کی ہزیمت اٹھانا پڑی،عبداللہ شفیق کےچار اننگز میں 42 ،بابراعظم کے صرف 64 رنز  جبکہ کپتان شان مسعود دو میچوں میں مجموعی طو رپر 105 رنز بنا سکے۔

بیٹنگ میں محمد رضوان اور بالنگ میں خرم شہزاد کی کارکردگی نمایاں رہی اور محمد رضوان 294 رنز بنا کر سیریز کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ خرم شہزاد نے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

لٹن داس کو میچ اور مہدی حسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑٰی قرار دیا گیا، سیریز جیت کر بنگلہ دیش ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گیا،بدترین شکست کے بعد پاکستان ٹیم آٹھویں نمبر پر چلی گئی۔

قومی ٹٰیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گےتو فٹنس مسائل ہوں گے،تمام کھلاڑیوں کو فٹنس پر کام کرنا ہو گا۔ٹیسٹ کرکٹ میں دس دس ماہ جتنا لمبا وقفہ نہیں آنا چاہیے۔

خیال رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے گرین شرٹس کیخلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتا تھا اس سے قبل پاکستان ناقابلِ شکست تھے۔

چوتھا روز
اس سے قبل پاکستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 172 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

قومی ٹیم نے 9 رنز 2 وکٹوں کے نقصان پر چوتھے روز کھیل کا آغاز کیا تو 47 کے مجموعی سکور پر اوپنر صائم ایوب 20 رنز بنا کر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ اس کے بعد کپتان شان مسعود 62 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان شان مسعود کے بعد تجربہ کار بلے باز بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے اور 11 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی، بابراعظم پوری سیریز میں اچھا کھیل پیش نہ کر سکے۔

نائب کپتان سعود شکیل 2، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 43، محمد علی صفر، ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز نے کھیل کا شاندار آغاز کیا تاہم سٹیڈیم میں کم روشنی کی وجہ سے میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم کر دیا گیا۔

تیسرا روز

کھیل کے تیسرے روز پاکستانی باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا، خرم شہزاد اور میر حمزہ نے جارحانہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کے ٹاپ 6 بیٹر کو محض 26 رنز کے عوض پویلین بھیج دیا تھا۔

بنگلادیش کی جانب سے شادمان اسلام 10، کپتان نجم الحسین شانتو 4 ،مشفق الرحیم 3، شکیب الحسن 2 جبکہ ذاکر حسن اور مومن الحق ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں لٹن داس اور مہدی حسن میراز نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 165 رنز بناکر بنگلادیشی ٹیم کی میچ میں واپسی ممکن بنائی، مہدی 78 اور لٹن داس 138 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تسکین احمد ایک اور ناہید رانا صفر پر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں صرف 9 رنز پر 2 وکٹیں گنوادی تھیں، عبداللہ شفیق 3 اور خرم شہزاد صفر پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

قبل ازیں بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 274 رنز کے تعاقب میں 262 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔

دوسرا روز
قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی بعدازاں شان 57، صائم ایوب 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 16، بابراعظم 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 29 اور آغا سلمان 54، خرم شہزاد 12، محمد علی 2 اور ابرار احمد صرف 9 رنز بنا کر پویلین چلتے بنے۔

بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 5، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہین رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہے پاکستان کو جلد آؤٹ کر کے برتری حاصل کریں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بے چین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔

پہلا روز
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔

پاکستانی ٹیم
قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔

بنگلادیشی سکواڈ
بنگلادیشی سکواڈ کپتان نجم الحسین شانتو، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفق الرحیم، لٹن داس، شکیب الحسن، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود اور ناہید رانا پر مشتمل ہے۔

Watch Live Public News