کوئی بھی فرد کڑے احتسابی نظام سے بالاتر اور مستشنیٰ نہیں ہو سکتا، کور کمانڈر کانفرنس

کوئی بھی فرد کڑے احتسابی نظام سے بالاتر اور مستشنیٰ نہیں ہو سکتا، کور کمانڈر کانفرنس

(ویب ڈیسک )  کور کمانڈر کانفرنس نے کہا ہے کہ  پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے،جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثناء کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لئے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، شرکاءِ کانفرنس نے شہداء کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کیلئے شہداء افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا  میں لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

 آئی ایس پی آرکے مطابق  فورم نے ملک میں، خصوصاََ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم ملک دشمن قوتوں، منفی اور تخریبی عناصر اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہو لت کاروں کی سر گرمیوں اور اس کے تدارک کے لئے کئے جانے والے متعدد اقدامات پر بھی غور کیا۔

  فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت سے  انسداد دہشتگردی کے لیے  قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ فورم نے اس بات پر زور دیا کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے جسکے ہر فرد   کی پیشہ ورانہ مہارت  اور وفاداری  صرف ریاست اور افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ  کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ    پاک فوج غیر متزلزل عزم سے ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے،جس میں کسی قسم کی جانبداری اور استثناء کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، فوج میں موجود کڑے احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لئے لازم ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر اور مستثنیٰ نہیں ہو سکتا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر  نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جامع تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

  آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر بھی اطمینان کا اظہار  کیا اور  سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر سپیس کے تحفظ پر زور دیا ۔

فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ، اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریک ِ آزادی کے شہداء کو خراج ِ عقیدت پیش کیا   ،اس کے علاوہ  اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کا اعادہ کیا۔

Watch Live Public News