ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 3 سال تک ڈائیلاگ کی کوشش کرتا رہا، سیاسی مسائل کے حل کےلیے بات چیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیل نہیں، قانونی طریقے سے رہائی ہوگی، ہماری پارٹی میں کوئی تقسیم نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی نے کہا ہے کہ وہ 3 سال تک ڈائیلاگ کی کوشش کرتے رہے، بات چیت سیاسی مسائل کے حل اور جمہوریت کے لیے ہونی چاہیے۔
یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے میری اور ظہیر عباس چوہدری کی ملاقات ہوئی ہے، 15 سے 20 منٹ کا وقت دیا گیا، کے پی کے میں ایک بڑا جلسہ منعقد کرنے سے متعلق بھی بانی پی ٹی آئی سے بات ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بتایا کہ سیلاب کے باعث جلسوں کی تیاریوں میں کچھ تاخیر ہے لیکن تیاریاں جاری ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ بھائیوں پر دلی رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے، پارٹی قائدین کو اور کارکنوں کو سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے ہدایت دی ہے۔