ویب ڈیسک: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکی فوج کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ ایرانی حکومت کی تبدیلی کے بجائے اب اپنے پائلٹ کو ڈھونڈنے کے لیے مدد طلب کر رہا ہے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب ایران نے امریکی جنگی طیارہ مار گرایا اور پائلٹ لاپتہ ہوگیا۔ باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ معاملہ اب حکومت کی تبدیلی تک نہیں بلکہ پائلٹ ڈھونڈنے تک پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ وہ ملک جو خود کو مسلسل کامیاب ظاہر کرتا رہا، اب اس مقام پر ہے جہاں اسے اپنے ہی پائلٹس کی تلاش کے لیے مدد درکار ہے۔
قالیباف نے مزید کہا کہ جنگ کے آغاز میں بڑے دعوے کیے گئے، جن میں ایرانی حکومت کی تبدیلی جیسے اہداف بھی شامل تھے، لیکن زمینی حقائق نے صورتحال کو بالکل مختلف انداز میں پیش کر دیا ہے۔