(ویب ڈیسک) وزارتِ خارجہ نے متحدہ عرب امارات( یو اے ای) کے مالی ذخائر سے متعلق گمراہ کن تبصرے مسترد کر دیے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے مالی ذخائر سے متعلق حالیہ تبصرے بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں، اسٹیٹ بینک میں رکھے گئے ذخائر دو طرفہ تجارتی معاہدوں کا حصہ تھے، یو اے ای کے ذخائر پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے مضبوط حمایت کا مظہر ہیں۔
ترجمان کے مطابق حکومتِ پاکستان طے شدہ شرائط کے مطابق مدت پوری ہونے پر ذخائر واپس کر رہی ہے،ذخائر کی واپسی ایک معمول کی مالیاتی کارروائی ہے، اسے غلط رنگ دینا گمراہ کن ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون جاری ہے، پاکستانی عوام پاک-امارات دوستی کے قیام میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان، یو اے ای کے ساتھ مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم پر قائم ہے۔