'ہمارے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں ،فوج ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی'

'ہمارے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں ،فوج ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی'
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں ،فوج ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم نے جی ایچ کیو میں ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن محمد حمزہ خان سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے نوجوان چیمپیئن کو ملک کے لیے اعزاز لانے والی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ آپ کی صلاحیتوں پر ہم سب کو فخر ہے، محمد حمزہ کی کامیابی قوم کی عظیم صلاحیت کو بھی اجاگر کرتی ہے ۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج ملک میں نوجوان ٹیلنٹ کی حمایت جاری رکھے گی، ہمارے نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں، توجہ، لگن اور محنت سے ایسا کچھ نہیں جو پاکستان حاصل نہیں کر سکتا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے نوجوان کھلاڑی سے تعلیمی اور کھیلوں کے میدان میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔