(ویب ڈیسک) 70ہزار پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے، مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز پر حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے عزم، ہر بے گھر کے لئے ” اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام پر تیزی سے کام جار ی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،جس میں اپنی چھت،اپنا گھرپروگرام کے تحت تین ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پلاٹ پر قرض حاصل کرنے والوں سے سروس چارجز لینے سے بھی روک دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف 14 اگست کو اپنی چھت ، اپنا گھر پروگرام کی لانچنگ کریں گی۔اس پروگرام کے پائلٹ پروگرام کے طور پر ماڈل گھر تیار کیے گئے ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز نے ماڈل گھروں کے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا حکم دیا۔
مریم نوازکی ہدایت پر پی آئی ٹی بی اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے لئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا۔اس پروگرام کے خواہش مند گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اپنی چھت ، اپنا گھر پروگرام فارم ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ ایک تا پانچ مرلہ تک پلاٹ مالکان گھر بنانے کے لئے بلاسود قرضہ حاصل کر سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر گھر کے مالکان کو آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری زمین پر گراؤنڈ اور تین منزلہ اپارٹمنٹ کے پروگرام کا پی سی ون منظور،فزیبلٹی سٹڈی جلد ہوگی۔ پرائیویٹ سکیموں میں تین اور پانچ مرلہ کے گھر ”پھاٹا“ کے الاٹیز کو ملیں گے۔ پھاٹا کے الاٹی پرائیویٹ سکیم میں گھر لینے پر پانچ سال میں گھر کے اقساط ادا کریں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب پرائیویٹ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لئے سبسڈی دے گی۔ کسی بھی شہر یا گاؤں میں 70ہزار پلاٹ مالکان قرض لے سکیں گے۔ پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالک کو گھر بنانے کے لئے بلا سود قرض ملے گا۔ مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے قرض کی ادائیگی پر سروس چارجز پر حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھے۔