ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کا بھرپور اعتماد دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ نے تاریخ کی ایک اور بلند ترین سطح عبور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق کاروبار کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں میں بھرپور خریداری نے ماحول کو مثبت رکھا اور ہنڈرڈ انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ بیالیس ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
کاروباری سیشن میں انڈیکس میں گیارہ سو سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ بیالیس ہزار ایک سو چوہتر پوائنٹس پر پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر گیا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومتی معاشی پالیسیاں، کاروباری اعتماد میں اضافہ اور بیرونی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس غیر معمولی تیزی کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔ مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی اور صنعتی شعبوں میں بہتری نے سرمایہ کاروں کے جوش و خروش کو تقویت دی ہے، جس کے باعث مارکیٹ تیزی کے رجحان کی جانب گامزن نظر آتی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں پُرزور تیزی دیکھی گئی تھی، جب انڈیکس میں سولہ سو چوالیس پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ انڈیکس ایک لاکھ اکتالیس ہزار چونتیس پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جو اُس وقت تک کی بلند ترین سطح تصور کی جا رہی تھی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج جلد مزید نئے ریکارڈ قائم کر سکتی ہے۔