بہاولپور:شوہر کا غیرت کے نام پر بیوی کا قتل،3 افراد گرفتار

بہاولپور:شوہر کا غیرت کے نام پر بیوی کا قتل،3 افراد گرفتار
کیپشن: بہاولپور:شوہر کا غیرت کے نام پر بیوی کا قتل،3 افراد گرفتار

ویب ڈیسک: ضلع بہاولپور کے قصبہ قائم پور کی نواحی بستی تلہڑ میں شک اور غیرت کے نام پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے علاقہ مکینوں کو لرزا کر رکھ دیا۔

پولیس کے مطابق ایک نوجوان خاتون کو اُس کے شوہر، سسر اور دیور نے مبینہ طور پر کردار پر شک کرتے ہوئے گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ گھریلو تنازعے کے نتیجے میں پیش آیا، جہاں معمولی جھگڑے کا المیہ اس قدر شدت اختیار کر گیا کہ تینوں مرد رشتہ داروں نے بہیمانہ اقدام اُٹھاتے ہوئے خاتون کی جان لے لی۔

ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ قتل کے بعد ملزمان نے انصاف سے بچنے کے لیے فوری طور پر مقتولہ کی تدفین کرنے کا منصوبہ بنایا اور خاموشی سے تدفین کی تیاریاں شروع کر دیں، تاہم علاقہ پولیس کو بروقت اطلاع ملی جس پر ایس ایچ او کی قیادت میں پولیس ٹیم نے موقع پر چھاپہ مارا۔ ملزمان تدفین کی تیاریوں میں مصروف تھے جنہیں وہیں سے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر اطلاع تاخیر سے ملتی تو شواہد مٹانے کی کوشش کامیاب ہو سکتی تھی۔

پولیس نے ایس ایچ او کی مدعیت میں شوہر، سسر اور دیور کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دی ہے، تاکہ قتل کے محرکات اور طریقہ واردات کے حوالے سے مزید ثبوت حاصل کیے جا سکیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق تینوں ملزمان سے پوچھ گچھ جاری ہے اور ان کے بیانات قلم بند کیے جا رہے ہیں۔ ادھر مقامی افراد نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جا سکے۔

Watch Live Public News