اسپین جانا ہواانتہائی آسان،صرف 21 ہزارروپے کا ویزامتعارف

اسپین جانا ہواانتہائی آسان،صرف 21 ہزارروپے کا ویزامتعارف
کیپشن: اسپین جانا ہواانتہائی آسان،صرف 21 ہزارروپے کا ویزامتعارف

ویب ڈیسک: یورپ کے خوبصورت سیاحتی ملک اسپین نے غیر یورپی شہریوں کے لیے ایک انقلابی ویزا متعارف کرایا ہے جسے یورپ کی تاریخ کا سب سے سستا ویزا قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کی فیس صرف 75 امریکی ڈالر یعنی تقریباً 21 ہزار پاکستانی روپے ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین نے عالمی ڈیجیٹل اکانومی سے فائدہ اٹھانے کے لیے یہ نیا ’ڈیجیٹل نومیڈ ویزا‘ جاری کیا ہے جس کا مقصد بیرونِ یورپ سے تعلق رکھنے والے ریموٹ ورکرز اور فری لانسرز کو اپنی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ اسپین میں رہتے ہوئے دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے آن لائن کام کر سکیں۔

اس ویزا کے حصول کے بعد درخواست گزار ایک سال تک اسپین میں رہائش اختیار کر سکتا ہے جبکہ کارکردگی اور شرائط کو پورا کرنے کی صورت میں قیام کی مدت میں مزید توسیع بھی ممکن ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر ویزا ہولڈر اسپین میں طے شدہ آمدنی کے معیار پر پورا اترتا ہے تو وہ اپنے اہلِ خانہ کو بھی اپنے ساتھ وہاں رہنے کی اجازت حاصل کر سکتا ہے۔

اس ویزے پر درخواست دینے والے افراد کے لیے چند شرائط رکھی گئی ہیں جن کے مطابق درخواست گزار کا تعلق لازمی طور پر کسی غیر یورپی ملک سے ہو، اور وہ کم از کم گزشتہ تین ماہ سے کسی غیر ہسپانوی کمپنی کے ساتھ ریموٹ بنیادوں پر کام کر رہا ہو۔ مزید براں کل آمدنی کا 80 فیصد حصہ اسپین سے باہر کے ذرائع سے حاصل ہونا ضروری ہے جبکہ وہ کمپنی یا فری لانس بزنس جس کے ذریعے درخواست گزار کام کر رہا ہو، وہ کم از کم ایک سال سے فعال ہونا چاہیے۔

درخواست جمع کرواتے وقت امیدوار کو ریموٹ کام کے معاہدے، آمدنی کے ثبوت، ایک سال یا اس سے زیادہ عرصے سے کاروبار کی سرگرمی کا ریکارڈ، صاف کریمنل ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کروانی ہوں گی۔

اسپین کا نیا ’ڈیجیٹل نومیڈ ویزا‘ نہ صرف فیس کے اعتبار سے انتہائی سستا ہے بلکہ طریقہ کار کے لحاظ سے بھی روایتی ورک پرمٹ ویزوں کے مقابلے میں آسان اور کم پیچیدہ بتایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان سمیت دنیا بھر کے آن لائن پروفیشنلز اب صرف 21 ہزار روپے کے قریب ادائیگی کر کے اسپین جیسے یورپی ملک میں رہائش اور کام کرنے کا موقع حاصل کر سکیں گے۔

Watch Live Public News