ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے یمن کے حوثیوں کے خلاف امریکی کارروائی کی درخواست مسترد کردی۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق بحیرہ احمر میں حوثیوں سے لاحق خطرے کے معاملے پر سعودی ولی عہد نے گزشتہ روز صدر ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حوثیوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا، تاہم امریکی صدر نے کارروائی سے انکار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی عسکری اور سول حکام نے سعودی حکام سے رابطے کیے ہیں، جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی رابطہ اجلاسوں کے لیے گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے۔
ایکسیوس کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ کے حملوں میں 73 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔