ویب ڈیسک: معروف پاکستانی اداکارہ درفشاں سلیم نے ساتھی فنکار بلال عباس کیساتھ نکاح کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شادی کو اتنی دیر تک خفیہ نہیں رکھا جاسکتا۔
ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی اداکارہ نے واضح کیا کہ رومانوی ڈرامہ کرتے ہوئے آپ کو اپنے ساتھی فنکار کے ساتھ آسودہ ہونا پڑتا ہے۔ اس سے آپ اچھے طریقے سے اپنا کام انجام دے سکتے ہیں۔ اس سے سکرین پر آپ جو دیکھتے ہیں وہ حقیقت معلوم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامہ "عشق مرشد" میں ناظرین کو میرا اور بلال عباس کا تعلق حقیقی لگا۔ مداحوں کو ہماری جوڑی پہلے دن سے بہت پسند آئی اس لیے ہماری شادی کی افواہیں پھیل گئیں۔ لیکن میں نے ان افواہوں کو ہمیشہ سے نظر انداز کیا۔
واضح رہے کہ درفشان سلیم اور بلال عباس نے میگا ہٹ ڈرامہ ’عشق مرشد‘ میں اپنی جاندار اداکاری سے مداحوں کے دل جیتے۔ جس نے مداحوں میں انہیں ایک حقیقی جوڑے کے طور پر دیکھنے کی شدید خواہش کو جنم دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میرے والد نے مجھے نصیحت کی ہے کہ نجی زندگی کے معاملات کو خفیہ رکھو، میں اُن کی اس نصیحت پر عمل کرتی ہوں۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں اپنی شادی کو بھی خفیہ رکھوں گی۔