راولپنڈی میں ڈینگی کے 34 کیسز، 12 یونین کونسلز حساس قرار

راولپنڈی میں ڈینگی کے 34 کیسز، 12 یونین کونسلز حساس قرار
کیپشن: راولپنڈی میں ڈینگی کے 34 کیسز، 12 یونین کونسلز حساس قرار

ویب ڈیسک: سال 2025 کے آغاز سے اب تک راولپنڈی میں ڈینگی وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 34 تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد شہر میں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نے انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں مزید تیز کر دی ہیں۔حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 4076 افراد کی اسکریننگ کی گئی، جن میں 34 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ 222 مریض اسپتالوں میں داخل اور صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہو چکے ہیں جبکہ فی الوقت 8 مریضوں کا علاج جاری ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ رواں سال اب تک ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

شہر بھر میں 17528 ہاٹ اسپاٹس رجسٹرڈ کیے گئے ہیں، جن میں سے 97.93 فیصد مقامات پر سرویلنس اور انسدادِ ڈینگی اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق راولپنڈی کی 12 یونین کونسلز میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔

ڈینگی لاروا کی نشاندہی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک 56162 مقامات سے لاروا برآمد ہوا جبکہ 9880 جگہوں پر ڈینگی کے مثبت کیسز سامنے آئے۔ انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بھی سخت کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 1743 ایف آئی آرز، 3276 چالان اور 238 مقامات کو سیل کیا گیا۔

انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں 294 آؤٹ ڈور ٹیمیں اور 889 ان ڈور ٹیمیں متحرک انداز میں کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 717 آئی آر ایس پمپس، 89 دستی اور 40 گاڑیوں پر نصب فوگر مشینیں فیلڈ میں فعال ہیں تاکہ ڈینگی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام بروئے کار لایا جا سکے۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور انسدادِ ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ اس مہلک وائرس پر قابو پایا جا سکے۔

Watch Live Public News