ویب ڈیسک: موٹر سائیکل ساز کمپنی اٹلس ہونڈا نے اپنے مقبول ماڈلز سی ڈی 70 اور سی ڈی 70 ڈریم کے 2025 ماڈلز لانچ کر دیے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس بار بھی اپ گریڈ صرف ظاہری تبدیلیوں تک محدود رہا ہے، کمپنی نے ان ماڈلز میں نئے اسٹیکرز کا اضافہ، جبکہ کارکردگی، ٹیکنالوجی یا ڈیزائن میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہیں کی گئی۔
کمپنی نے سی ڈی 70 کے لیے نعرہ "بھروسے کی مثال" اور سی ڈی 70 ڈریم کے لیے "Dream It, Ride It" متعارف کرایا ہے۔ نئے ماڈلز میں وہی انجن، فریم اور فیچرز شامل ہیں جو کئی برسوں سے استعمال میں ہیں۔ قیمت کے لحاظ سے، سی ڈی 70 کی قیمت 1,59,900 روپے اور سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 1,70,900 روپے مقرر کی گئی ہے۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی اور معاشی دباؤ کے پیش نظر صارفین بہتر فیول ایفی شینسی، سکیورٹی اور ٹیکنالوجی میں جدت کی امید کر رہے تھے، مگر کمپنی نے ایک بار پھر محض ظاہری خدوخال پر اکتفا کیا ہے۔

سی ڈی 70 اب بھی پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی موٹر سائیکلوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی اہم وجوہات میں آسان دستیابی، بہتر ری سیل ویلیو اور کم مینٹیننس اخراجات شامل ہیں۔