(ویب ڈیسک)گاڑیاں بنانے والی جاپانی کمپنی ہونڈا موٹر کارپوریشن نے اپنا نیا لوگو متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ہونڈا کا موجودہ لوگو پہلی بار 1963 میں آٹو موبائلز کی نمائندگی کے لیے پیش کیا گیا تھا، جبکہ کمپنی کی مصنوعات اور کاروباری سرگرمیوں میں طویل عرصے سے ’H‘ کے نشان کو شناخت کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
کمپنی نے نئی جنریشن کی برقی گاڑیوں، جن میں ہونڈا 0 سیریز بھی شامل ہے، کے پیشِ نظر اس ’H‘ نشان کو نئے انداز میں ڈیزائن کیا ہے۔ لوگو میں کی گئی یہ تبدیلی ہونڈا کے بدلتے وقت کے ساتھ ہم آہنگ ہونے، نئے چیلنجز کا سامنا کرنے اور جدت کو اپنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
نیا ’H‘ لوگو نئی جنریشن کی الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا، جبکہ جدید ہائبرڈ الیکٹرک (HEV) ماڈلز کو 2027 میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔