ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ کسی بھی ممکنہ فوجی یا تباہ کن کارروائی سے قبل تہران کو معاہدے کا ایک آخری موقع دیا جائے۔
اپنے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھلا رکھنے کا معاملہ بھی زیرِ بحث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایک بہتر معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع موجود ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی آبنائے ہرمز کے حوالے سے جلد پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یا کل تک اس اہم آبی گزرگاہ کو کھولنے کے حوالے سے اتفاقِ رائے ہو سکتا ہے۔
واشنگٹن میں امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی بلا تعطل آمدورفت بحال کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔
ادھر قطر نے بھی سفارتی کوششوں میں پیش رفت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے تمام متعلقہ فریقوں سے رابطے جاری ہیں اور جلد مثبت نتائج سامنے آنے کی امید ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔