سینیٹر اعظم سواتی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

سینیٹر اعظم سواتی کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کو 5 روزہ ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو اسلام آباد سے گرفتار کرکے کوئٹہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے اعظم سواتی کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ اعظم سواتی کے وکیل اقبال شاہ نے کہا کہ ایک کیس میں متعدد ایف آئی آر کاٹنا غیر قانونی ہے۔ مختلف صوبوں کا معاملہ ہو تو کیس سپریم کورٹ سنتی ہے۔ غیر قانونی اقدام کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ خیال رہے کہ اعظم سواتی کو پولیس کی جانب سے تیسری بار گرفتار کیا گیا ہے۔ تیسری بار دو دسمبر کو بلوچستان پولیس نے اسلام آباد سے گرفتار کیا۔ واضح رہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان اور سندھ میں مقدمات درج ہیں۔ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔