(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں آج اور کل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج سے 5 دسمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر صوبہ کی تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ رہنے کے لئے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 4سے 5 دسمبر کے دوران دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور مہمند کے اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
جبکہ اس دوران کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں بھی بارش کا قوی امکان ہے۔
مراسلے کے مطابق بارش کے باعث ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، بالائی و زیریں چترال، بالائی و زیریں دیر، خیبر، بالائی و زیریں کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان کے پہاڑی علاقوں میں سٹرکوں پر پھسلن کا اندشہ ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان کا خدشہ ہے، تمام ضلعی انتظامیہ کو ضروری احتیاطی اقدامات، نکاسی آب کے نظام کی صفائی، مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔کاشتکاروں، مال مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی سروسز، طبی امداد، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے اور عوام خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کا کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا اطلاع کے لیے پی ڈی ایم اے کی 24/7 ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔