الخدمت فاؤنڈیشن: ملک بھر میں 70 کروڑ روپے کی لاگت سے نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کئے

الخدمت فاؤنڈیشن: ملک بھر میں 70 کروڑ روپے کی لاگت سے نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کئے
الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کے ونٹر پیکج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی اور بیماریوں سے بچانا ہے ۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان لاہور الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کر دیئے ہیں ۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال آئے ملک گیر سیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا ۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز سے ہی ونٹر پیکج تقسیم کا آغاز کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں ۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے بتایا کہ الخدمت کی ونٹر پیکج مہم میں انہیں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ممالک سے مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کا ساتھ بھی رہا اور اس کے ساتھ ساتھ الخدمت والنٹیرز نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی ونٹر پیکج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانا بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنوں کی مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ونٹر پیکج ملنے پر شبنم بی بی نے بتایا کہ اُس کے خاوند چند سال پہلے کوئلے کی کان میں کام کے دوران اللہ کو پیارے ہو گئے تھے ۔ جس کے بعد وہ اپنے تین بچوں کے ساتھ گزر بسر کر رہی ہیں۔ گذشتہ سال سیلاب سے اُن کا گھر تباہ ہو گیا تھا اور سامان بھی استعمال کے قابل نہیں رہا تھا ۔ لورالائی میں شدید سردی پڑتی ہے اور سردیوں کے آغاز میں وہ بہت زیادہ پریشانی تھیں کہ اگر گرم کپڑوں، لحاف اور بستروں کا بندوبست نا ہوا تو اُن کے بچے بیمار ہو جائیں گے۔ لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیں گرم کپڑے، بستر اور رضائیاں دیں اور اب ہمارا گھر بھی بنا کر دے رہے ہیں۔ جس کے لیے وہ الخدمت کی شکر گزار ہیں ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ ونٹر پیکج تقسیم الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے۔ الخدمت فاونڈیشن ونٹر ڈرائیو کا آ غاز ہر سال ستمبر کے مہینے سے کر دیتا ہے اور یہ سلسلہ مارچ کے آخر تک جاری و ساری رہتا ہے۔ ناگہانی آفات سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ الخدمت ملک بھر میں نادار افراد کے لیے ونٹر پیکج تقسیم کے پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے جس میں الخدمت کے رضاکار منظم اور مربوط نظام کے تحت چھان بین کے بعد ترجیحاَ بیوہ خواتین، یتیم نادار اور معذور افراد کی فہرستیں تیار کرتے ہیں، جنہیں کوپن جاری کرنے کے بعد پروگرامات میں دعوت دی جاتی ہے ۔ خاص طور پر برف میں پھنسے ہوئے دیہاتوں میں، جہاں کوئی گاڑی جانا ممکن نہیں وہاں الخدمت کے رضاکار پیدل چل کر ونٹر پیکج پہنچانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ الخدمت کے رضاکار فٹ پاتھ پر سونے والے مزدوروں، ٹھیلے یا ریڑھی لگانے والوں اور مزدوروں کو بھی جیکٹ،لحاف، بستر اور گرم چادریں فراہم کرنے کا اہتمام کرتے ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔