اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے ہم بات چیت کے لئے تیار ہیں ، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آئے گا، آج مہنگائی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے ۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت ہم سب پر پرچے ہیں ، ہم پر پرچے کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوجائے گی ، ایک طرف مقدمات اور دوسری طرف یہ سیاسی اتفاق رائے کر رہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا ہے کہ آئین کہتا ہے کہ 90 دن کے اندر اندر الیکشن ہونا لازمی ہے، کبھی ایک عدالت سے کبھی دوسری عدالت میں تاریخ پر تاریخ ہی چل رہی ہے، جمہوریت کے اندر آواز اٹھائی تو ہم پر پرچے کر دیئے گئے ، 13 پرچے مجھ پر چل رہے ہیں، پہلے کرنسی نوٹ چھاپے جاتے تھے اور اب پرچے چھاپے جا رہے ہیں ۔ فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لئے تیار ہیں ، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آجائے گا، ہر پلیٹ فارم پر شیخ رشید کیساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تیار ہیں ۔ آج مہنگائی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے، کوئی بل لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ بل صحافی تو کیا ہمیں بھی قبول نہیں ہے ، آزادی صحافت پر قدغن کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات امن نہیں ہے ، مقدمات ہیں، پہلے حالات سے منہ پھیر لیتے ہیں، ہمارے امن کو تباہ مت کرو، آپ آئین اور قانون کو اپنے پیروں تلے مت روندو ۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ ہمارے 100 سے زیادہ پولیس جوان شہید ہوئے ہیں ، ہم حکومت کو جون سے حالات سے آگاہ کر رہے تھے، ہم بتارہے تھے کہ پاکستان میں آگ لائی جارہی ہے اس کو بچایا جائے، 8 ماہ خاموشی اختیار کی گئی ہے ، ہمیں کسی اور کی جنگ میں ایندھن بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔