(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عام انتخابات کے پرامن و شفاف انعقاد کے لئے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے 5 اور 6فروری تک بیلٹ پیپرز اورمتعلقہ سامان کی ترسیل یقینی بنانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر کیمرو ں کی تنصیب کا عمل 6فروری سے قبل مکمل کیا جائے۔ پولنگ سٹیشنز پر بجلی او رانٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے ضروری انتظامات کیے جائیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے رزلٹ کی شفافیت اور میڈیا کی سہولت کے لئے ہر پولنگ سٹیشن کے باہر سمارٹ میڈیا وال نصب کی ہدایت بھی کی۔ پولنگ کے تمام عمل کو شفاف اورخو ش اسلوبی سے سرانجام دینے کیلئے متعلقہ اداروں میں موثر رابطے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت عام انتخابات کے انتظامات کاجائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا ، اجلاس میں چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،صوبائی الیکشن کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سی سی پی او لاہور، کمشنر اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔تمام ڈویژنل کمشنرزاور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دی کہ پولنگ سٹیشنز پرسی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے، جسے 6فروری تک مکمل کرلیا جائے گا۔