بالی ووڈ کی معروف جوڑی کی راہیں جدا، طلاق کی تصدیق کردی

بالی ووڈ کی معروف جوڑی کی راہیں جدا، طلاق کی تصدیق کردی

ویب ڈیسک: بھارتی اداکار جے بھانوشالی اور اداکارہ ماہی وج نے شادی کے 14سال بعد علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے طلاق کی تصدیق کردی ہے، جبکہ حال ہی میں اداکارہ ماہی نے یوٹیوب ویڈیو کے ذریعے اپنے مداحوں کو  بتایا تھا کہ انہوں نے نان نفقہ کیلئے 5کروڑ روپے کا مطالبہ نہیں کیا ۔

تفصیلات کے مطابق اداکار جے بھانوشالی اور ماہی وج نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر مشترکہ بیان جاری کرکے علیحدگی کا اعلان کیا۔

انسٹاگرام پر جاری بیان میں فنکار جوڑے نے کہا کہ آج ہم زندگی کہلانے والے سفر میں الگ راستے اختیار کرنے کا انتخاب کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

اس مشترکہ بیان میں جوڑے نے مزید کہا کہ امن، ترقی، مہربانی اور انسانیت ہمیشہ ہماری رہنما اقدار رہی ہیں۔ اپنے بچوں تارا، خوشی اور راج ویر کی خاطر ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ان کے لیے بہترین والدین، بہترین دوست اور جو کچھ بھی درست ہو، وہ سب بن کر دکھائیں گے۔

دونوں فنکاروں کا کہنا تھا کہ اگرچہ ہم الگ راستوں پر چل رہے ہیں، لیکن اس کہانی میں نہ کوئی ولن ہے اور نہ ہی اس فیصلے کے ساتھ کوئی منفی پہلو وابستہ ہے۔ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے یہ جان لیں کہ ہم ڈرامے کے بجائے امن اور ہر چیز سے بڑھ کر ذہنی سکون کو ترجیح دیتے ہیں۔

اداکار جے بھانوشالی اور ماہی وج نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کا احترام کرتے رہیں گے، ایک دوسرے کی حمایت کریں گے اور باہمی احترام کے ساتھ دوست رہیں گے، جیسا کہ ہم ہمیشہ رہے ہیں۔

اپنے چاہنے والوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ سے بھی احترام، محبت اور مہربانی کی درخواست کرتے ہیں‘۔

Watch Live Public News