وزیر اعظم کا 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ

وزیر اعظم کا 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیاگیا ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعہ 7 جولائی کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپیل میں کہا ہے کہ پوری قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ جمعہ کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔ وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیاجائے، پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے ۔ وزیر اعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جمعہ کے دن یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کی بطور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پارٹی کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کے لئے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مذہب، مقدس ہستیوں ، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہیں، عالمی سطح پر پرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کے لئے کام کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔