ویب ڈیسک: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی اولین ترجیح غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے یہ بات ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی۔ شہزادہ فیصل کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور وہاں تباہی پھیلا رہا ہے، جو کہ مکمل طور پر ناقابل قبول اور غیر ضروری ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے واضح طور پر کہا کہ فلسطینی مسئلے کے حل کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں لائے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب خطے میں روس کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف عالمی اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے ماسکو کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گا۔