ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر استنبول میں ممتاز ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ توانائی، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)، انفرااسٹرکچر، بندرگاہوں، میری ٹائم، لاجسٹکس اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کر رہی ہے، جس کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو آسان اور تیز بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر ترک سرمایہ کار کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے کاروباری آپریشنز اور سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ترک کاروباری وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع سے براہِ راست استفادہ کریں۔
ترک کاروباری رہنماؤں نے پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں طویل مدتی سرمایہ کاری میں اپنی دلچسپی کا اعادہ کیا۔