ویب ڈیسک:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا وقاص اکرم کی پریس کانفرنس پر ردعمل، کہا کہ 39ہزار ووٹوں کی لیڈ سے شکست کے بعد دھاندلی کا الزام لگاناشرمناک ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سمڑیال الیکشن میں تحریک انصاف کو زلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا، فافن کی رپورٹ میں کہا گیا پریزائیڈنگ افسران نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 فراہم کیے گئے، فافن نے 121پولنگ ایجنٹس کے انٹرویو کیے ان میں 116پولنگ ایجنٹس نے ووٹنگ کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سمڑیال میں مسلم لیگ(ن) کا ووٹ 41فیصد سے بڑھ کر 59فیصد ہوا ہے، فافن نے کہا سمڑیال میں تحریک انصاف ووٹ 35فیصد سے 29فیصد تک آگیا، یہ رپورٹ تحریک انصاف اور اسکے ایجنڈے پر چلنے والے نام نہاد اور جید فلسفیوں اور دانشوروں کے ڈوب مرنے کےلئے کافی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شکست تسلیم کرنے کی بجائے پولیس اور ضلعی انتظامیہ پر الزامات لگانا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے، سمڑیال کے عوام نے بانی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کو مسترد کردیا۔
پنجاب اب مریم نواز کی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیتا اور سپورٹ کرتا ہے، یہ نشست ہمیشہ مسلم لیگ ن کی رہی اور ناقابل شکست رہی ہے۔