اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کی تیاری شروع کر دی ہے ، الیکشن کمیشن کا پیر یا منگل کے روز سے شیڈول جاری کرنے کا قوی امکان ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز اور آر اوز عدلیہ سے نہ لینے اور پنجاب کے انتخابات کیلئے رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو مزید خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر سے آر اوز اور ڈی آر اوز کی فہرست مانگ لی گئی ہے، صوبائی الیکشن کمیشن آج فہرست الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا ، آئندہ ہفتے میں افسران کی ٹریننگ کا آغاز کیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اور کے پی انتخابات کے اخراجات کا تخمینہ لگا لیا ہے ، دونوں صوبوں میں 30 ارب سے زائد کے اخراجات آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ ہفتے وزارت خزانہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، خط میں وزارت خزانہ کو فوری فنڈز جاری کرنے کی ہدایت بھی کی جائے گی ، الیکشن کمیشن وزارت خزانہ کو 25 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات جاری کرے گا ۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابات میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے لیے وزارت داخلہ کو بھی آئندہ ہفتے میں خط لکھے گا ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز صدر مملکت نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل کو کرانے کا اعلان بھی کیا تھا ، ڈاکٹر عارف علوی نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا تھا ۔