ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت 28 دن کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے وافر ذخائر موجود ہیں، جبکہ مجموعی پیٹرولیم ذخائر مارچ کے اختتام تک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہیں۔
کمیٹی کو ملکی معاشی صورتحال اور توانائی کے ذخائر پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تیل و گیس کی کوئی قلت نہیں، تاہم علاقائی کشیدگی کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت پیٹرولیم مصنوعات کے محتاط استعمال سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے اور عوام سے بھی توانائی بچانے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ مقامی ذخائر سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی نگرانی کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پیٹرولیم سپلائی کو مؤثر انداز میں ریگولیٹ کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر فوری فیصلے کیے جائیں گے تاکہ عالمی و علاقائی حالات کے تناظر میں ملکی معیشت کو مستحکم رکھا جا سکے۔