ن لیگ کے رہنما و سینیٹر پروفیسرساجد میر کی نمازجنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا

ن لیگ کے رہنما و سینیٹر پروفیسرساجد میر کی نمازجنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا
کیپشن: ن لیگ کے رہنما و سینیٹر پروفیسرساجد میر کی نمازجنازہ ادا،سپردخاک کردیاگیا

ویب ڈیسک: مرکزی امیر جمعت اہلحدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی نماز جنازہ ادا، سپردخاک کردیاگیا۔

 تفصیلات کے مطابق مولانا حافظ مسعود عالم نے نماز جنازہ پڑھائی، نماز جنازہ میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، قائم مقام امیر جمعیت اہل حدیث مولانا ابو محمد تراب نے شرکت کی ۔

اسی طرح حافط عبدالکریم، ممبر قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی، مولانا عبدالغفور حیدری، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا سراج الحق، وفاقی وزیر چودھری احسن اقبال، سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔

مرحوم 1938ء میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ گزشتہ 40 برس سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ چلے آ رہے تھے اور اہل حدیث مکتب فکر کی اہم ترین شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ انہیں پانچ بار ایوان بالا، یعنی سینیٹ آف پاکستان کا رکن منتخب کیا گیا۔ سینیٹ میں ان کا کردار اعتدال، دیانت اور دینی وقار کا مظہر سمجھا جاتا تھا۔

پروفیسر ساجد میر کا شمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے قریبی رفقا میں ہوتا تھا۔ وہ علمی و فکری دنیا میں بھی نمایاں مقام رکھتے تھے اور انہوں نے کئی کتب تصنیف کیں۔ ان کی معروف کتاب ”عیسائیت: ایک مطالعہ و تجزیہ“ علمی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔

مرحوم نے دو بیٹے، ایک بیٹی اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ان کی وفات پر ملک بھر کے دینی و سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور انہیں ایک علم دوست، باوقار اور اصول پسند رہنما کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ساجد میر صاحب کو مرحوم کہتے ہوئے بھی دکھ ہورہا ہے، میرے ساتھ ان کا بڑے بھائیوں جیسا تعلق تھا، ان کی موجودگی باعث برکت تھی اللہ ہمیں انکے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے، وہ ہمیشہ ثابت قدم رہے۔

Watch Live Public News