ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بادل برسیں گے جبکہ شہر قائد کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا اور وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جنوبی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی، وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور چند مقامات پر ژالہ باری، موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہےکہ ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش برسنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے بار کھان میں 12 ملی میٹر، لسبیلہ 11، پنجاب کے علاقے ملتان ایئرپورٹ 08، شہر 3، گوجرانوالہ میں ایک ملی میٹر ہوئی۔
خیبرپختونخوا کے علاقے کاکول میں 5 ملی میٹر، بالاکوٹ ایک اور کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، سبی، موہنجوداڑو اور دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہناہےکہ خیبر پختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم ابر آلود رہے گا،آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے،خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہناہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت میدانی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ اور صوابی سمیت دیگر میدانی علاقوں میں شام کے وقت تیز ہواؤں کیساتھ بارش متوقع ہے،صوبائی دارالحکومت پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ریکارڈ کی گئی،خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے،جنوبی اضلاع میں بعض موامات پر شام کے وقت گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں،ڈی آئی خان، بنوں اور کوہاٹ سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے کم درجہ حرارت کالام 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ڈی آئی خان میں سب سے زیادہ 36 سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شہر قائد کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا،وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی،آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جا سکتا ہے،شہر میں اس وقت تیز دھوپ کے ساتھ موسم گرم اور مرطوب ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے،5 مئی سے شہر میں بادل برسیں گے،5 مئی کی شام کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بارش کا سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا،5 مئی سے سندھ پر اثرانداز سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی سے تقویت ملے گی،اس سسٹم کے تحت کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔