بھارت کے حملے پر پاکستان جوہری و روایتی طاقت سے جواب دے گا: پاکستانی سفیر

بھارت کے حملے پر پاکستان جوہری و روایتی طاقت سے جواب دے گا: پاکستانی سفیر

(ویب ڈیسک ) پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی  کا کہنا ہے کہ بھارت کی حملے کے جواب میں   پاکستان جوہری اور روایتی دونوں طاقت  استعمال کرے گا۔

پہلگام فالس فلیگ کے بعد سے بھارتی نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا دیا، ذرائع کے مطابق   پاکستان نے ٹھوس شواہد کے ساتھ بھارت کے ہر الزام کی تردید کی، بغیر کسی جواز یا ثبوت کے پاکستان پر الزام لگا کر بھارت نے اپنی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر مزید کمزور کر دیا۔

اس حوالے سے پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے بھارت کو ایک بار پھر خبردار کر دیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر سخت ردعمل کا عندیہ دے دیا۔

محمد خالد جمالی نے کہا کہ  ہمارے پاس انٹیلی جنس شواہد ہیں کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے،اگر بھارت کی جانب سے حملہ کیا گیا تو مکمل طاقت سے جواب دیا جائے گا، پاکستان اپنے دفاع میں جوہری اور روایتی طاقت دونوں استعمال کرے گا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت اس سے قبل بھی متعدد فالس فلیگ آپریشنز کر کے الزام پاکستان کے سر تھوپ چکا ہے،پانی کے مسئلے پر کسی بھی جارحیت کا جواب جنگ سے ہوگا، بھارت کی جانب سے حملے کی صورت میں پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع میں کسی بھی حد تک جائے گا۔

محمد خالد جمالی نے کہا کہ   بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں جن کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں،ہم بھارتی جنگی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کا پورا حق ہے، ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پہلگام حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں۔ ہم چین اور روس سے پہلگام حملے کی تحقیقات میں شامل ہونے کی درخواست کرتے ہیں۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ   پاکستان پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کر بھارت نے اپنی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر مزید کمزور کر دیا ہے، بھارت خود ہی بے بنیاد الزامات لگا کر اپنی کی گئی سازشوں اور فالس فلیگ آپریشنز کو بے نقاب کر رہا ہے۔

Watch Live Public News