(ویب ڈیسک ) ذرائع کے مطابق پہلگام فالس آپریشن کے بعد ہر کوشش کے باوجود بھارت سفارتی سطح پر ناکامی سے دوچار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر بھارت کے جارحیت پر مبنی بیانیے کو تمام بڑے ممالک نے مسترد کردیا، روس کے وزیر خارجہ نے نئی دہلی کوپاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات کا بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل امریکا اور یورپی یونین بھی بھارت کو کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ معاملات بات چیت سے حل کئے جائیں، سوئٹزر لینڈ نے بھی پاکستان کی پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
سکالر تنوی مدن کا کہنا ہے کہ روس نے دو بار ایک دوسرے ملک پر حملہ کرنے کی کوشش کی مگر مسائل حل نہ کرسکا، روس کی مثال بھارت کو بتاتی ہے کہ پاکستان کے ساتھ معاملات کو بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا، یورپی یونین اور اب روس کا معاملات بات چیت سے حل کرنے کا مشورہ بھارت کی سفارتی تنہائی کو ظاہر کرتا ہے، یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے فیصلے بالآخر مذاکرات کی میز پر ہی ہونے ہیں، بھارت نے اگر جارحیت کرنے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے اسے منہ توڑ جواب ملے گا۔