ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ کراچی میں آج رواں سال کا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا گیا اور درجہ حرارت 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جب درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور سمندری ہوائیں جاری رہیں گی۔
ماہرین کے مطابق نمی کی زیادہ مقدار کی وجہ سے درجہ حرارت زیادہ شدید محسوس ہوگا۔ شدید گرمی کے اثرات کے باعث کراچی کے اسپتالوں میں دمے اور سانس کی بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں تقریباً 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کو ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے زیادہ پانی پینے اور براہِ راست دھوپ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
آج کے دن ملک بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور نواب شاہ میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد، لاہور اور کوئٹہ میں موسم معتدل رہا اور گرمی میں کمی محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں بارش کی توقع ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔