(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں 6 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 3 اور 4 نومبر کی رات خیبر پختون خوا میں دو کاروائیوں میں 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسلی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، دو سلی میں سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں احمد شاہ عرف انتظار نامی خارجی دہشت گرد مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی ، جنوبی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب خارجی دہشت گردوں کا گروہ در اندازی کی کوشش کر رہا تھا، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی جانب سے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ 3 زخمی بھی ہوئے۔ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت کے ساتھ موثر بارڈر مینجمنٹ کا مطالبہ کر رہا ہے ، توقع ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو خارجی دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف کاروائیوں کے لئے استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔