پی ایس ایل فرنچائزمالکان کا مطالبہ تسلیم،انتظامیہ نے اجلاس طلب کرلیا

پی ایس ایل فرنچائزمالکان کا مطالبہ تسلیم،انتظامیہ نے اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: پی ایس ایل فرنچائزمالکان کا مطالبہ تسلیم،انتظامیہ نے اجلاس طلب کرلیا

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کے درمیان آج ایک اہم اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں لیگ کے مستقبل، کمرشل معاملات اور نئی ٹیموں کی شمولیت پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے پی ایس ایل مینجمنٹ سے اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا۔ اجلاس میں پی ایس ایل 2026 اور 2027 سیزن سے متعلق تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام اپنی پالیسی اور مؤقف سے آگاہ کریں گے۔

اجلاس میں تمام چھ فرنچائزز بشمول ملتان سلطانز کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان نے کمرشل امور، ایونٹ ونڈو، اور ای وائی ایویلیوایشن رپورٹ پر مکمل بریفنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دو سالہ ٹائٹل اسپانسرشپ معاہدے کے طریقہ کار پر بھی وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ لیگ کے 10 سال مکمل ہونے پر رواں ماہ فرنچائزز کے ساتھ نیا معاہدہ بھی کیا جائے گا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کے مطابق آئندہ ایڈیشنز میں میچز کا دائرہ کار لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے علاوہ فیصل آباد اور پشاور تک بھی پھیلایا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیم کے لیے ٹینڈر نومبر میں جاری کیے جائیں گے، جس کے تحت دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار مختلف شہروں میں سے اپنی پسند کے نام سے ٹیم حاصل کر سکیں گے۔

Watch Live Public News