(ویب ڈیسک ) پنجاب کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینسز (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کرلیا گیا۔ بل گزشتہ روز منظور کیا گیا۔
بل کے تحت منشیات کے مقدمات میں ضمانت سے متعلق دفعات تبدیلیاں کی گئیں۔ بل میں کہاگیا ہے کہ عمر قید کی سزا والے منشیات مقدمات میں ملزمان کو ضمانت نہیں دی جا سکے گی، عدالت کو دیگر جرائم میں ضمانت دینے سے قبل بھاری زرِ ضمانت اور کیس کی نوعیت دیکھنا لازمی ہوگا۔
بل کے متن کے مطابق خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ میں سنی جائے گی،ہائی کورٹ کے بینچ کی نامزدگی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کریں گے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ترمیمی بل کا مقصد منشیات کے مقدمات میں قانونی خلا اور تاخیر کو ختم کرنا ہے،ترمیمی قانون سے منشیات کے خلاف کارروائی مؤثر بنے گی۔
سیکشن 38، 39، 40، 41 اور 44 میں تبدیلیاں کی گئیں ہیں ۔سیکشن 40 میں اپیل کے نظام کو ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے ماتحت کیا گیا ہے۔