لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان انٹر نیشنل ائیرلائن ( پی آئی اے) نے کویت آپریشن کا دوبارہ آغاز کردیا۔ پاکستانی جہازوں اور پائلٹس پر کویت نے خود ساختہ پابندی لگا رکھی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پابندی کے باعث قومی ائیرلائن کویت نہیں جا سکتی تھی جبکہ کویتی ائیرلائن آزادانہ پاکستان پرواز کررہی تھی۔ پی آئی اے کی جانب سے معاملہ پہلے سفارتی سطحوں پر اٹھایا گیا مگر اجازت نہ ملی۔ پی ائی اے کے استحصالی رویہ کی نشاندہی پر وزیر ہوابازی نے کویت ائیرلائن کو بھی روکنے کی حکم صادر کیا۔ حکومت پاکستان اور سول ایوی ایشن کے دباو پر قومی ائیرلائن کو بھی کویت آپریشن کی اجازت مل گئی۔ پی آئی اے اپنے آپریشن کا آغاز ہفتہ وار دو پروازوں سےکررہا ہے۔ سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک کا وزیر ہوابازی، سیکٹری ایوی ایشن اور سول ایوی ایشن حکام کا خصوصی شکریہ۔ سی ای او پی آئی اے نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ وزارت خارجہ، کویت میں پاکستانی سفیر اور پاکستان میں کویتی سفیر کی خصوصی کاوشوں سے آپریشن ترتیب دینے میں مدد ملی۔ پی آئی اے پوری جانفشانی سے پاکستانیوں کی مدد اور خدمت میں مشغول رہے گی۔