اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کم عمری کی شادی کے تدارک، عمر کے تعین بارے معاملے پر بڑا اقدام اٹھالیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، وزارت مذہبی امور نے کم عمری کی شادی کی روک تھام کے لیے اہم ماہرین، جید علماء پر کمیٹی تشکیل دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے، کمیٹی میں اہل سنت، اہل تشیع سمیت دیگر مکاتب فکر کے جید علما و ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کم عمری کی شادی، شادی کی عمر کے تعین پر غور کرے گی،کمیٹی شادی کی عمر سمیت دیگر مسائل پر حتمی تجاویز مرتب کرکے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے گی، وزارت مذہبی امور تجاویز کو وزیر مذہبی امور کے ذریعے وفاقی کابینہ کو پیش کرے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اہم ترین کمیٹی رائج نکاح نامے کی جزیات کا جائزہ اور اس پر بھی اہم تجاویز دے گی، حق مہر کی ادائیگی، رقم سمیت دیگر امور پر بھی کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔