دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 182 رنز کا ہدف دے دیا۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ روہت شرما اور کے ایل راہول 28، 28، سوریا کمار یادیو 13، رشبھ پنٹ 14 اور ہاردک پانڈیا صفر پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 2، محمد نواز، حارث رؤف اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ایشیا کپ 2022 میں بھارت نے پاکستان کو گروپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھیں۔ تاہم پہلے مرحلے کے اختتام پر بھارت اور پاکستان گروپ اے سے جبکہ افغانستان اور سری لنکا گروپ بی سے سپر فور مرحلے میں پہنچیں۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔