مشہور کمپنی ارمانی کے مالک ’جارجیو ارمانی‘ انتقال کرگئے

مشہور کمپنی ارمانی کے مالک ’جارجیو ارمانی‘ انتقال کرگئے

ویب ڈیسک:دنیا کے معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی 91 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے برانڈ Armani Group نے جمعرات کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ارمانی اپنے پیاروں کے درمیان نہیں رہے، وہ اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔

معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی کو  اپنے ملبوسات میں خالصتاً اطالوی طرز کے لباس بنانے اور  ہالی ووڈ کے ریڈ کارپٹ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا سہرا دیا جاتا ہے، جارجیو ارمانی کے انتقال پر  ان کے اہلِ خانہ اور ملازمین کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا’ اس کمپنی میں ہم نے ہمیشہ خود کو ایک خاندان کا حصہ محسوس کیا ہے۔ آج، گہرے جذبات کے ساتھ، ہم اس خلا کو محسوس کر رہے ہیں جو اُس شخصیت نے چھوڑا ہے جس نے بصیرت، جذبے اور محنت سے اس خاندان کی بنیاد رکھی اور اسے پروان چڑھایا۔

ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ ہم ان کے قائم کردہ ورثے کی حفاظت کریں گے اور ان کی یاد میں احترام، ذمہ داری اور محبت کے ساتھ کمپنی کو آگے بڑھائیں گے۔"

جون 2025 میں، ارمانی میلان کے "مینز فیشن ویک" میں اپنے برانڈ کے شو کے دوران حسبِ روایت آخری سلامی دینے کے لیے موجود نہیں تھے۔ یہ ان کے کیریئر میں پہلی مرتبہ تھا کہ وہ اپنے ہی رن وے ایونٹ میں موجود نہیں تھے،اُس وقت ان کی صحت ٹھیک نہیں تھی جس کے بارے کمپنی نے آگاہ کیا تھا۔

ارمانی اُن چند ڈیزائنرز میں سے تھے جو اپنی کمپنی کے واحد شیئر ہولڈر رہے، 2024 میں بلومبرگ کے تجزیہ کاروں نےاُن کی مالیت کا تخمینہ 8 سے 10 ارب یورو (9.3 سے 11.7 ارب امریکی ڈالر) لگایا تھا۔

جارجیو ارمانی کی زندگی پر ایک نظر

1934 میں اٹلی کے شمالی قصبے پیاچنزا میں پیدا ہونے والے ارمانی نے ابتدا میں فیشن میں کوئی پیشہ ورانہ دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ طب کی تعلیم حاصل کرنے اور فوجی خدمات انجام دینے کے بعد، 1957 میں انہیں میلان کے تاریخی لا ریناسینتے ڈپارٹمنٹ اسٹور میں ونڈو ڈریسر کی ملازمت ملی، یہ وہ قدم تھا جس نے انہیں تاحیات اٹلی کے فیشن سے جوڑ دیا۔

1964 میں ڈیزائنر نینو سیروتی نے ارمانی پر اعتماد کیا، جو اُس وقت لا ریناسینتے میں خریدار (buyer) کے طور پر کام کر رہے تھے، اور انہیں مردانہ ملبوسات ڈیزائن کرنے کی ملازمت دی۔ یہیں پر انہوں نے پہلی بار اَن اسٹرکچرد جیکٹس کے بارے میں سیکھا ،بعد میں ارمانی نے اسی ڈیزائن کو کمال تک پہنچایا اور عالمی شہرت حاصل کی۔

سیروتی کے لیے کام کرتے ہوئے ارمانی کی ملاقات سرجیو گیلیوتی سے ہوئی، جو ایک آرکیٹیکٹ تھے اور بعد میں ان کے زندگی اور کاروباری ساتھی بنے۔ گیلیوتی نے ارمانی کو اپنا کاروبار شروع کرنے پر آمادہ کیا، اور دونوں نے 1975 میں جورجیو ارمانی برانڈ کی بنیاد رکھی۔

ان کا پہلا مردانہ ملبوسات کا اسٹاک  1976 میں نیویارک میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا، ایک ٹی وی کمرشل بھی تیار کیا جس نے ارمانی کو امریکی خریداروں سے متعارف کرایا۔ 

ارمانی کی جیکٹس نے ہالی ووڈ کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ 1980 میں، رچرڈ گیئر نے فلم امریکن جِگولو میں مشہور طور پر ارمانی کا سوٹ پہنا، جس نے اسے ایک اسٹیٹس سمبل میں بدل دیا۔ جلد ہی ریڈ کارپٹ پر ستاروں نے اس تشہیر کرنا شروع کر دی،اُس وقت کے بڑے بڑے ستارے آرنلڈ شوارزنیگر، صوفیہ لورین، جوڈی فوسٹر، شان کونری اور ٹینا ٹرنر سمیت کئی دیگر ارمانی کے ڈیزائن پہنتے دکھائی دیتے تھے۔

1985 میں سرجیو گیلیوتی ایڈز کے باعث وفات پا گئے، اور ارمانی کمپنی کے واحد شیئر ہولڈر رہ گئے، وقت کے ساتھ ارمانی تقریباً دنیا بھر میں ایک مقبول فیشن ڈیزائنر  بن گئے اور  ذیلی برانڈز جیسے ارمانی جینز، ارمانی ایکسچینج اور ہوم انٹیریئرز برانڈ ارمانی/کازا بھی لانچ کیے۔

ارمانی کو بے شمار اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 2021 میں اطالوی ریپبلک کے آرڈر آف میرٹ کے گرینڈ آفیسر کا خطاب شامل ہے، جو ملک کے اعلیٰ ترین اعزازات میں سے ایک ہے، اور کونسل آف فیشن ڈیزائنرز آف امریکہ کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی دیا گیا۔

انہیں 2002 میں اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (UNHCR) کا گڈ وِل ایمبیسیڈر بھی مقرر کیا گیا، ارمانی کا فیشن آج بھی اپنی سحر انگیز برقرار رکھے ہوئے ہے،  ونٹیج ارمانی ڈیزائنز کے لیے سیکنڈ ہینڈ مارکیٹ کو مزید وسعت دی ، ان کی پینٹ، کوٹ اور دیگر ملبوسات آج بھی ستاروں کی پسند ہیں۔ 

Watch Live Public News