ویب ڈیسک: بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی اوپنر سمرتی مندھانا نے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے تمام فارمیٹس میں مجموعی رنز کے اعتبار سے سابق بھارتی کپتان متھالی راج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
سمرتی مندھانا نے یہ کارنامہ ویمنز ایشیا کپ 2026 کے گروپ اے میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں انجام دیا۔ یہ ان کے کیریئر کی 303ویں انٹرنیشنل اننگز تھی، جس میں انہوں نے متھالی راج کے 10 ہزار 868 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
اس کے ساتھ ہی مندھانا ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر بن گئی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس 10 ہزار 740 رنز کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ریکارڈ ساز اننگز کے دوران سمرتی مندھانا نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر 124 رنز بنائے۔ وہ اننگز کے آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئیں۔ ان کی شاندار اننگز کی بدولت بھارت نے مقررہ اوورز میں 193 رنز بنائے۔
مندھانا نے اسی اننگز کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 18ویں سنچری بھی مکمل کی اور آسٹریلیا کی سابق کپتان میگ لیننگ کا 17 سنچریوں کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اس کے علاوہ سمرتی مندھانا ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں 93ویں مرتبہ 50 یا اس سے زائد رنز بنانے میں بھی کامیاب ہوئیں۔ اس طرح انہوں نے متھالی راج کے ساتھ مشترکہ طور پر ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ 50 پلس اسکور بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔