عمران خان کیخلاف عدم اعتماد، روس کا بھرپور ردعمل

عمران خان کیخلاف عدم اعتماد، روس کا بھرپور ردعمل
ماسکو: (ویب ڈیسک) پاکستانی وزیراعظم عمران خان کیخلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد اور اس معاملے سے جڑے امریکا کے دھمکی آمیز خط پر روس کی جانب سے انتہائی شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ روسی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستانی حکومت گرانے کیلئے امریکی دبائو کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ ماریا زخارووا نے کہا کہ امریکا پاکستان کے معاملات میں دخل اندازی کر رہا ہے۔ ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریا زخارووا کا کہنا تھا کہ امریکا نے عمران خان کا دورہ منسوخ کرنے کیلئے دبائو ڈالا لیکن عمران خان نے امریکی دبائو مسترد کر دیا۔ امریکا نے بات نہ ماننے پر عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا قومی اسمبلی میں آنا اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ امریکا نے دبائو ڈال کر پاکستان کی منتخب حکومت کو ہٹانے کی کوشش کی۔ روس نے عمران خان کی حکومت گرانے کیلئے امریکا کے دھمکی آمیز خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اہلکار نے یوکرین پر پاکستانی قیادت کے موقف کی مذمت کی۔ یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار خیال رہے کہ قومی سلامتی کمیٹی نے غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا 37 واں اجلاس ہوا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دفاع،توانائی،اطلاعات و نشریات،خزانہ اور انسانی حقوق کے وفاقی وزرا نے شرکت کی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس کے علاوہ چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،مشیر قومی سلامتی اور اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔ مشیر قومی سلامتی نے پاکستانی سفیر کی جانب سے باضابطہ ملاقات میں سینئر غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو کے بارے میں کمیٹی کو بریفنگ دی اور گفتگو سے پاکستانی سفیر کی جانب سے دفتر خارجہ کو آگاہ کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اعلیٰ غیر ملکی عہدیدار کی گفتگو پر اظہار تشویش کرتے ہوئے اسے غیر سفارتی اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت قرار دیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایسی گفتگو کسی بھی صورتحال میں قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان نے سفارتی روایات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان، اسلام آباد اور مذکورہ ملک کے دارالحکومت میں باضابطہ سفارتی ذرائع سے بھرپور جوابی ردعمل دے گا، قومی سلامتی کمیٹی نے وفاقی کابینہ کی جانب سے پارلیمنٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو ان کیمرہ سیشن میں اعتماد میں لئے جانے کی توثیق کر دی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔