اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جو بیرونی سازش میں ملوث ہیں وہ سب غدار ہیں، ان غداروں کیخلاف سپریم کورٹ گئے ہیں ان کا پوری طرح مقابلہ کرینگے۔ وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو الیکشن کی تیاری کرنی ہے، اگلے تین ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہوگا، اس بار سوچ سمجھ کر اپنے نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے، ماضی میں بڑی غلطی ہوئی جس کی ہمیں سزا ٹھانا پڑی، جنہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ان سب کو ٹکٹ دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی، یہاں ہمارے غدار ان کے ساتھ مل گئے۔ سب کو پتہ ہے کس نے اچکن سلوائی ہوئی تھی،انتخابات میں جاکر بیرونی سازش کا حصہ بننے والوں کو سبق سکھائیں گے، ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایاگیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے پوری قوم کو بھکاری قرار دیا،جن کا پیسہ باہر پڑا ہے وہ یہی کہیں گے بھکاریوں کا کوئی انتخاب نہیں ہوتا،30سال سےیہ لوگ ملک سےباہرپیسہ بھیجتےرہےہیں، تھری اسٹوجز کی دولت ملک سے باہر پڑی ہوئی ہے، یہ ملک اور جمہوریت کے غدار ہیں ، یہ آنے والی نسلوں سے بھی غداری کررہے ہیں۔ وزیراعظم نے خطاب میں کہا کہ تحریک انصاف کی سیٹ پر کامیاب ہونے والے لوگوں نے ضمیر کا سودا کیا، ضمیر کا سودا کرنےوالوں کو صرف تاحیات نااہل نہیں بلکہ جیل میں بھی ڈالا جائے، ان غداروں کیخلاف سپریم کورٹ گئے ہیں ان کا پوری طرح مقابلہ کرینگے، جو بیرونی سازش میں ملوث ہیں وہ سب غدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلام کرنے والوں کو آزاد قوم کبھی بھی معاف نہیں کرے گی، ضمیرخرید کر ارکان کو ہوٹل میں بند کیاہواہے، 10سے 15ارب میں ارکان کو خریدا گیا یہ کون سی جمہوریت ہے، ایف نائن پارک اسلام آبادمیں کارکن بڑی تعداد میں جمع ہوکر احتجاج کریں، لاہور میں ان غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں کہ ہر روز احتجاج سے امریکہ کو پیغام جائے کہ یہ زندہ قوم ہے۔