سپریم کورٹ فیصلہ: وزیر اعظم کا قومی اسمبلی میں قرار داد لانے کا اعلان

سپریم کورٹ فیصلہ: وزیر اعظم کا قومی اسمبلی میں قرار داد لانے کا اعلان
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ کے الیکشن التوا سے متعلق فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں ایک اور قرار داد پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قائدین کو خوش آمدید کہتا ہوں، سپریم کورٹ میں چار، تین کے فیصلے کو نظر انداز کیا گیا ، اس طرح کا کھلواڑ پہلے دیکھنے میں نہیں آیا ایسا بھیانک منظر پہلے کبھی نہیں دیکھا، سیاسی پارٹیوں کی درخواست کو مسترد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں ایک قرار داد پیش کی جائے گی ، امید ہے کل قومی اسمبلی میں ایک اور قرارداد منظور کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 3 رکنی بنچ کے فیصلے کے مطابق کل حکومت نے فنڈز مہیا کرنے ہیں ، 17 اپریل تک پنجاب حکومت نے سیکیورٹی مہیا کرنی ہے ، کل کابینہ اجلاس میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی، وزیر قانون، خواجہ سعد رفیق، مولانا اسعد محمود نے ایوان میں تفصیلی گفتگو کی ہم مشاورت کے بعد ٹھوس فیصلے کریں گے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آئین اور قانون کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے ، قوم کی قسمت کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ کی کارروائی سرکلر کے ذریعے ختم کی گئی ، سپریم کورٹ میں جس طرح کیس کی سماعت ہوئی سب کے سامنے ہے ، سپریم کورٹ نے فل کورٹ کی استدعا کو رد کر دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔