پی ٹی آئی لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں عدالت نے تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کو بے قصور قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں رہنما پی ٹی آئی یاسمین راشد، شفقت محمود اور حماد اظہر سمیت دیگر ملزمان کے خلاف دوران لانگ مارچ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام پر بنے کیس کی سماعت ہوئی، سماعت میں عدالت نے نامزد ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔ کیس میں نامزد ملزمان پر لاہور کے علاقے شفیق آباد، تھانہ گلبرگ اور شاہدرہ سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں. آج ہونے والی سماعت میں تفتیشی افسران نے عدالت کے روبرو ریکارڈ پیش کیا. عدالت نے سماعت کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد، شفقت محمود، حماد اظہر، اعجاز چوہدری، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر ملزمان کو تفتیش میں بے قصور قرار دے دیاہے۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے بھی اپنی تفتیشی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی. رپورٹ کے مطابق ملزمان تفتیش میں بے قصور ثابت ہوئے ہیں، ان کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ جس کے بعد ملزمان کی طرف سے دائر کی گئیں ضمانتیں واپس لے لی گئیں ہیں۔ ملزمان نے پولیس کی رپورٹ کی روشنی میں ضمانتیں واپس لیں. تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے گرفتاری کے خوف سے عبوری ضمانت کروائی گئی تھیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شفیق آباد ، گلبرگ، شاہدرہ اور بھاٹی گیٹ میں مقدمات درج تھے۔