کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے،جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، مشعال ملک

کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے،جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، مشعال ملک
کیپشن: کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے،جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، مشعال ملک

ویب ڈیسک: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کی تاریخ میں 5 اگست 2019 سب سے سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کیونکہ اسی روز بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے اسے براہِ راست مرکز کے ماتحت کر دیا تھا۔

کراچی میں مزارِ قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے قیام کے لیے وقف کی، اور ان کے مزار پر حاضری دینے سے انہیں ہمیشہ قوت اور حوصلہ ملتا ہے۔ مشعال ملک نے بانیٔ پاکستان کے اس بیان کو دوہرایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

مشعال ملک کا کہنا تھا کہ 5 اگست کا دن اس جدوجہد کی یاد دہانی ہے جب کشمیریوں پر ایک بار پھر یہ واضح ہوا کہ آزادی کتنی بڑی اور قیمتی نعمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف لڑ رہے ہیں اور اب یہ جدوجہد ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت ایک جانب مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان میں دہشت گردی کروانے کے لیے را کا نیٹ ورک استعمال کر رہا ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ برسوں میں متعدد بار شہری آبادی کو نشانہ بنایا، حتیٰ کہ جنگ کا دائرہ بھی پھیلانے کی کوششیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیشہ حق کے معرکے میں پاکستان کو سرخرو کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت نے پہلگام جیسے واقعات میں ’فالس فلیگ آپریشن‘ کے ذریعے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، جسے عالمی برادری کو بے نقاب کرنا چاہیے۔ مشعال ملک نے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔

Watch Live Public News