ویب ڈیسک: عرب میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پاکستان کو مثبت اشارے دیے ہیں، جبکہ اس سلسلے میں علاقائی ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں بھی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران علاقائی نگرانی کے تحت آبنائے ہرمز میں جہاز رانی بحال کرنے سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی پانچویں شق میں سیکیورٹی ضمیمہ اور بنیادی حفاظتی نکات شامل کرنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس پیش رفت کا مقصد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی محفوظ اور بلا تعطل آمدورفت کو یقینی بنانا ہے، جو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔
دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان بھی آبنائے ہرمز سے متعلق مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق محفوظ جہاز رانی کے حوالے سے بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کے لیے نیا طریقہ کار وضع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول تکنیکی اور سیاسی سطح پر ہونے والے مذاکرات تعمیری رہے ہیں، جبکہ حتمی معاہدے کا اعلان تمام مذاکرات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
ادھر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مختلف امور پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق معاہدہ آج یا کل تک طے پانے کا امکان ہے، جس کے تحت تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت کو یقینی بنایا جائے گا۔
اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود اس وقت بھی متعدد تجارتی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہے ہیں۔