دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا ، وزیر اعظم

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا ، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا۔ اسلام آبادمیں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس میں ہونیوالی اس تقریب میں وفاقی وزرا، سفارتکاروں، چیئرمین پی سی بی سمیت دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے شرکت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ امید ہے پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیتے گا، انگلینڈ کو مبارک ہو ، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا ، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 17 سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ، پاکستان اور انگلینڈکے درمیان کرکٹ مشترک ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے آگے آئے ان کے مشکور ہیں۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی اپروچ برینڈن میک کولم کے آنے سے تبدیل ہوئی، انگلش ٹیم کی جیت کا کریڈٹ کوچ کو جاتا ہے۔ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا ملتان میں بھرپور مقابلہ کرے گی، ملتان میں ایک نئی کرکٹ نظر آئے گی۔ وزیر اعظم نے تقریب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی اور کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔