ویب ڈیسک: آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے جہاں مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی ایک بڑی وکٹ حاصل کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر سیاسی رہنما سردار میر اکبر خان نے مسلم لیگ ن میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سردار میر اکبر خان ن لیگی قیادت سے ملاقات کر چکے ہیں جبکہ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے بھی ان کی شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شاہ غلام قادر کی سربراہی میں ایک وفد نے سردار میر اکبر خان سے ملاقات کی جس میں آئندہ سیاسی منظرنامے اور انتخابات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران سردار میر اکبر خان نے کہا کہ وہ اپنے پارٹی کارکنوں سے مشاورت کر رہے ہیں اور جلد مسلم لیگ ن میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نظریاتی طور پر وہ مسلم لیگ ن کے بانی میاں محمد نواز شریف سے قریب ہیں اور یہ کہ پارٹی نے ہمیشہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی خدمت کی ہے۔
سردار میر اکبر خان نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ملک کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
ن لیگی ذرائع کے مطابق سردار میر اکبر خان اور ان کے ساتھی جلد مسلم لیگ ن کا حصہ بن کر عوامی خدمت کے نئے سفر کا آغاز کریں گے، جس سے خطے کی سیاسی صورتحال پر نمایاں اثر پڑنے کی توقع ہے۔